الطاف حسین کی بھارت سے سیاسی پناہ کی درخواست قابل مذمت ، جائزہ لے رہے ہیں ، تفصیلی جواب دینگے : دفتر خارجہ

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دینے پر تشویش کا اظہار کردیا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے بھارتی چینل کو انٹرویو کے معاملے پر کہا کہ اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس پر تفصیلی جواب دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرگردش تھی، جس میں بانی ایم کیو ایم بھارتی ٹی وی ریپبلک کے میزبان ارناب گھوسوامی کو انٹرویو دے رہے تھے۔

اس انٹرویو میں الطاف حسین نے آغاز میں بھارتی حکومت اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اپنے اور اپنے ساتھیوں کے لیے سیاسی پناہ کی درخواستکی۔

ساتھ ہی ایم کیو ایم کے بانی نے پاکستان اور ریاستی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی بھی کی تھی۔

یہی نہیں بلکہ الطاف حسین نے اپنے انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی متنازع بات کی جبکہ اپنے بیان میں انہوں نے آزاد کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے خلاف الزامات کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے ناروے کے ایک شہر میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے واقعے پر مذمت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا احترام کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ رپورٹس آئی تھیں کہ ناروے میں اسلام مخالف تنظیم کی ریلی کے دوران ایک شخص نے قرآن پاک کی مبینہ طور پر بے حرمتی کی کوشش کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *