اسرائیلی فوج کا فلسطینی بچے کے سامنے اس کے والد پر تشدد، ویڈیو وائرل

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں 2 اسرائیلی فوجیوں کو ایک فلسطینی شہری پر اس کے بچے سامنے بندوق تانتے ہوئے دیکھا گیا۔

ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو کے سامنے آنے پر فلسطینی سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصہ بڑھ گیا۔

مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں ہونے والے واقعے کی ویڈیو میں اسرائیلی فوجی نے پہلے مذکورہ شخص پر چلایا اور کہا کہ ‘یہ بچہ فوجیوں پر پتھر پھینک رہا ہے’ جس پر والد نے کہا کہ ‘یہ پتھر کیسے پھینک سکتا ہے یہ 5 سال کا ہے’۔

اسرائیلی فوجی نے جواب دیا کہ ‘ہاں یہ پتھر برسا رہا ہے اور تمہارے سارے دوست پتھر برسارہے ہیں، اس کی جتنی بھی عمر ہے مجھے نہیں پرواہ’۔

اسی دوران ایک اور اسرائیلی فوجی نے فلسطینی شخص کو مارنا شروع کیا جس پر مذکورہ شخص کہتا رہا کہ ‘مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھاؤ’۔

جب مذکورہ شخص اپنے بچے کے ساتھ واپس جانے لگا تو ایک اور فوجی نے فلسطینی شخص پر بندوق تانی۔

اس واقعے نے کئی افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی جس پر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں پر تشدد کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی ہو۔

گزشتہ ہفتے ہی اسرائیلی فوج ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اسرائیلی پولیس افسر کو غیر مسلح فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ ایک یا ڈیڑھ سال قبل پیش آیا تھا اور افسر کو فلسطینی شخص پر تفریح کے لیے ربڑ کی گولی چلانے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *