دشمن بزدلانہ اقدامات میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، سربراہ پاک فضائیہ
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو خبردار کررہے ہیں کہ وہ اپنے بزدلانہ اقدامات میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے اور پاکستان اللہ کی مہربانی سے ترقی کی راہ پر ہر صورت گامزن رہے گا۔
پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں ائیرو اپرینٹیسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان مہمانِ خصوصی تھے۔
سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ جدید اور ملکی ساختہ ہتھیاروں کے نظام ، راڈار اور اعلیٰ جنگی آلات سے لیس ہے جو کہ ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے موزوں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ بین الاقوامی فضائی معیار کے بہترین پیشہ ورماہرین کو تیار کرنے کے لئے انہیں جدید خطوط پر تربیت فراہم کررہی ہے۔
ائیر چیف نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے منفرد اور جدید تعلیمی اور عملی تربیت کا نظام متعارف کروایا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ نئی تربیتی اسکیم پاک فضائیہ کے قیمتی اثاثہ جات کی تکنیکی ضروریات کو ہر لحاظ سے پورا کرے گی۔
