نیب منادی کراتا ہے کرپشن کرو، کماتے جاؤ، جسٹس عظمت

سپریم کورٹ کےجج جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے ہیں کہ نیب ڈھول بجا کر منادی کراتا ہے کہ کرپشن کرو، کماتے جاؤ، قسطوں میں پیسے واپس کرنے کی اسکیم متعارف کرائی جاتی ہے۔

انہوں نے یہ ریمارکس کرپشن کی رقم کی رضاکارانہ واپسی کے نیب قانون کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران دیے۔

جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سرکاری افسران کی جانب سے کرپشن کی رقم کی رضا کارانہ واپسی کے نیب قانون پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔

جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا 5لاکھ کی کرپشن کے ملزم سے 15ہزار لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے کیوں نہ چیئر مین نیب کو نوٹس جاری کریں ۔

جسٹس عظمت سعید شیخ کا کہنا تھا کہ چیئر مین نیب کو لامحدود اختیارات دیے گئے ہیں، رقم کی رضاکارانہ واپسی اعتراف جرم ہے، اس قانون سے جرم کو نیک نیتی بنایا گیا ، نیب ڈھول بجا کر منادی کراتا ہے کہ کرپشن کرو ، کماتے جاؤ ، قسطوں میں پیسے واپس کرنے کی اسکیم متعارف کرائی جاتی ہے،عدالت ایسی صورتحال پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی ۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب قانون میں ترمیم کا بل سینیٹ میں زیر التوا ہے،تحریری جواب کے لیے وقت دیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *